بھوپال، 26دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی بابو لال گور نے آج پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ سیاستدانوں، بیوروکریٹس اور صنعت کاروں کی غیراعلانیہ جائیداد کے بارے میں معلومات جمع کرکے وزیر اعظم کے دفتر کو شیئر کریں۔گور نے آج یہاں بتایا کہ میں چاہتا ہوں کہ غیراعلانیہ جائیداد یا لین دین کی معلومات ملنے پر بی جے پی کے کارکنان اسے براہ راست وزیر اعظم کے دفتر کو بتائیں،یہ اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ میں بھی ایسی معلومات جمع کروں گا اور وزیر اعظم کے دفتر کو دوں گا۔گور نے بتایا کہ میرا خیال ہے کہ بدعنوانی کے خلاف یہ لڑائی کسی مخصوص پارٹی کے خلاف نہیں ہے، بلکہ ان سب کے خلاف ہے، جن کے پاس کالا دھن ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی کارکنوں کے پاس کوئی معلومات ہے تو انہیں اسے شیئر کرنا چاہئے،چاہے وہ بی جے پی لیڈروں کی غیراعلانیہ جائیداد ہی کیوں نہ ہو۔گور نے کہا کہ لوگوں کو نوکرشاہوں، ٹھیکیداروں، رہنماؤں اور دوسروں کے بارے میں غیراعلانیہ جائیداد کی معلومات ملنے پر شکایت کرنی چاہئے، تاکہ ان کا انکشاف ہو سکے۔